مسلمانوں کو عید الفطر کی پر خلوص مبارکباد : ڈی ناگیندر

   

عنبر پیٹ میں افطار پارٹی عامر علی خاں ، بی وینکٹ اور دیگر کی شرکت ، پیرارشاد احمد ناصر کا اظہار تشکر
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے کانگریس امیدوار ڈی ناگیندر نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ افطار پارٹیاں سماج میں پھیلے ہوئے انتشار کا خاتمہ کرتی ہیں ۔ بھائی چارگی کو فروغ دینے میں معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے کنوینر پیر ارشاد احمد ناصر کی جانب سے مسجد طیبہ پولیس لین عنبر پیٹ پر منعقدہ دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں ، کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل بی وینکٹ کانگریس کے قائد عثمان محمد خاں کے علاوہ اسمبلی حلقہ عنبر پیٹ کے کانگریس قائدین سابق کارپوریٹرس پی جگن ، جی رمیش ، جی رام بابو کے علاوہ دیگر قائدین میں رام موہن ، اجو ، کلیم ، یسین ، اکبر ، پیر منیر احمد جابر کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ ڈی ناگیندر نے کہا کہ مسلم بھائی ایک ماہ تک روزہ رکھتے ہوئے عبادتیں کرتے ہیں ۔ افطار پارٹیوں میں سماج کے تمام طبقات کو مدعو کرتے ہیں اور عید کی خوشیوں میں سب کو شامل کرتے ہیں جس سے ملک بھر میں ہندو مسلم اتحاد پروان چڑھ رہا ہے ۔ کانگریس پارٹی ایک سیکولر جماعت ہے ۔ کانگریس پارٹی کے لوک سبھا انتخابات کا منشور سماج کے تمام طبقات بالخصوص اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا ضامن ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں سے انصاف کرنے اور جتنے بھی وعدے کئے گئے ہیں ان وعدوں کو پورا کریں گے ۔ وہ ہمیشہ عوام اقلیتوں کو دستیاب رہیں گے جو مسائل ہیں اس کو دور کرنے میں اہم رول ادا کریں گے ۔ امن و امان کی برقراری کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ افطار پارٹی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس کے قائد پیر ارشاد احمد ناصر نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک سیکولر جماعت ہے جو مذہبی آزادی کا تحفظ کرتی ہے ۔ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے نفرت کا بازار گرم کیا جارہا ہے ۔ اس نفرت کے بازار میں کانگریس کے قائد راہول گاندھی محبت کی دوکان کھول رہے ہیں جنوبی ہند میں تلنگانہ اور کرناٹک میں کانگریس کی حکومتیں اس کا زندہ ثبوت ہے ۔ ملک میں لوک سبھا کے انتخابات منعقد ہورہے ہیں فرقہ پرست طاقتوں کے ناپاک عزائم کا کانگریس پارٹی ہی خاتمہ کرسکتی ہے ۔ انہوں نے افطار پارٹی میں شرکت کرنے والے ڈی ناگیندر ، عامر علی خاں اور بی وینکٹ کے علاوہ دیگر قائدین کے ساتھ ہی مسلمانوں سے اظہار تشکر کیا ہے ۔۔ 2