مسلمانوں کی سیاسی و سماجی قیادت کی اشد ضرورت

   

علماء و مشائخ کی چیف منسٹر کرناٹک سے ملاقات ، سلیم احمد کو کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ
بیدر۔23 جون ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شمالی کرناٹک کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد علمائے کرام، مشائخِ عظام، سجادگانِ درگاہ، معززین ملت اور سماجی قائدین پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے پیرِ طریقت حضرت سید شاہ حیدر ولی اللہ نبیرہ قادری، سجادہ نشین درگاہ حضرت سید حیدر ولی اللہ قادری نیلنگہ شریف، و دیگر مشائخین کی قیادت میں موجودہ وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، سابق وزیراعلیٰ سدارامیا اور ریاستی کانگریس صدر بی کے ہری پرساد سے ملاقات کرتے ہوئے ایم ایل سی سلیم احمد کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔وفد نے ریاستی قیادت کو پیش کردہ یادداشت میں کہا کہ شمالی کرناٹک میں اقلیتی برادری بالخصوص مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی انتہائی محدود ہوچکی ہے، جس کے باعث اس خطے کے عوامی، تعلیمی، سماجی اور ترقیاتی مسائل کو مؤثر انداز میں حکومت تک پہنچانے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی کابینہ میں نارتھ کرناٹک کے مسلمانوں کی نمائندگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے حضرت سید حیدر ولی اللہ قادری، سجادہ نشین درگاہ نیلنگہ شریف نے کہا کہ نارتھ کرناٹک کے مسلمانوں کو سیاسی، سماجی اور تعلیمی میدان میں مضبوط اور مؤثر قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ سید حیدر ولی اللہ قادری نے مزید کہا کہ نارتھ کرناٹک کی درگاہوں، خانقاہوں، علمائے کرام، مشائخِ عظام، دانشوروں اور عوام کی متفقہ رائے ہے کہ اس خطے کو ریاستی کابینہ میں مضبوط اور باوقار نمائندگی ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سلیم احمد کی کابینہ میں شمولیت سے عوامی مسائل مؤثر انداز میں حکومت تک پہنچ سکیں گے اور خطے کی ترقی کیلئے نئی راہیں ہموار ہوں گی۔