حیدرآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) آر ایس ایس کے سینئر قائد اندریش کمار نے کہا کہ سماج سے اقلیت اور چھوت چھات جیسے الفاظ کو ختم کیا جانا چاہیئے۔ اندریش کمار حیدرآباد میں ایس سی، ایس ٹی راشٹریہ منچ کے آغاز کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ مسلم اور کرسچن خود کو ہندوستان میں اقلیت قرار دے رہے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی میں ایک فیصد سے کم افراد کو اقلیت کہا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر حیرت ہے کہ بعض مسلم اور عیسائی قائدین اقلیت ہونے کا دعویٰ کررہے ہیں حالانکہ وہ دیگر شہریوں کے مساوی ہیں۔ اندریش کمار نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ملک کے اتحاد میں زبانوں کے رول کے موضوع پر سمینار سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ زبانوں کا ملک کے اتحاد اور عوام کے درمیان باہمی محبت اور یکجہتی میں اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر انسان جو خدا کو مانتا ہے وہ دوسروں کا احترام کرنا بھی جانتا ہے۔ زبانیں تو مختلف ہیں لیکن ان کے معنیٰ ایک ہی ہیں۔ وائس چانسلر اردو یونیورسٹی پروفیسر عین الحسن اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ر