ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح کے پیش نظر احتیاط برتنے کا مشورہ
گوہاٹی : آل انڈیا یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (AIUDF) کے صدر اور لوک سبھا رکن بدرالدین اجمل نے اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر کے افتتاح سے پہلے مسلمانوں کو اہم مشورہ دیا ۔انھوں نے تمام مسلمانوں سے کہا کہ وہ 20 سے 25 جنوری تک اپنے گھروں میں رہیں۔ انہوں نے بی جے پی کو سماج کا سب سے بڑا دشمن بھی قرار دیا۔ بدرالدین اجمل نے مسلمانوں سے کہا کہ وہ اس ماہ کے آخر میں ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب کے دوران سفر سے گریز کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔بدرالدین اجمل نے کہا کہ مسلمانوں کو جنوری کے اواخر تک سفر سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ رام جنم بھومی پر رام للا کے مجسمے کی جگہ کو پوری دنیا دیکھے گی۔ لاکھوں لوگ بسوں، ٹرینوں، ہوائی جہازوں میں سفر کریں گے۔ اجمل نے آسام کے بارپیٹا میں ایک اجتماع سے خطاب میں یہ مشورہ دیا۔ انہوں نے بی جے پی کو مسلمانوں کی سب سے بڑی دشمن قرار دیا۔ جو ان کی جان، ایمان، مساجد اور اسلامی قوانین کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ اپیل اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کر رہے ہیں کہ ایودھیا میں مسجد انہدام کے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔