مسلم اور دلت سماج کو حقوق کیلئے متحدہ جدوجہد کرنا چاہئے: پراچہ

   

نئی دہلی: ملک کے پسماندہ سماج کی ترقی کے لئے دلت اوراقلتیوں کے درمیان اتحاد کو لازمی قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے مشہور وکیل اور سماجی و سیاسی خدمت گار محمود پراچہ نے کہا کہ دونوں سماج کے لوگوں کو متحد ہوکر اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے ۔ یہ بات انہوں نے یہاں پاسی سماج کے اجلاس عام میں کہی۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں انہی کو حق ملا ہے جن لوگوں نے متحد ہوکر اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے ۔ انہوں نے دلت سماج اور اقلیتوں کو متحد ہوکر اپنے حقوق کے لئے لڑنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر نے کہا ہے کہ پڑھو، متحد ہوجاؤ اور جدوجہد کرو۔ انہوں نے کہاکہ بابائے صاحب کی ان باتوں پر عمل کرکے دونوں طبقے ملک میں اپنے حقوق حاصل کرسکتے ہیں۔ ورنہ یہاں کوئی بھی ان کو آسانی سے حق دینے والا نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ جس طرح کی پسماندگی دلت سماج میں ہے اسی طرح کی پسماندگی اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں میں بھی ہے ۔ مسلم سماج اس لئے بھی پسماندہ ہے کیوں کہ انھوں نے متحد ہوکر کبھی اپنے مسائل کے لئے جدوجہد نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر سماج کی متحد ہوکر جدوجہد کرنے والی تنظیم ہے لیکن مسلمانوں کی اس طرح کی کوئی تنظیم نہیں ہے جو مسلمانوں کی تکلیف بیان کرے اور حکومت کے سامنے ان کے مسائل کو شدت کے ساتھ رکھ سکے۔