اقلیتوں کو دستور میں مساوی حقوق، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا بیان
حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مسلم تحفظات کی برخاستگی سے متعلق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا اقلیت دشمن چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ اقلیتوں کو دیگر طبقات کی طرح مساوی مواقع حاصل ہونے چاہیئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ 4 فیصد مسلم تحفظات ختم کرنے سے متعلق مرکزی وزیر داخلہ کا بیان افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر طبقات کی طرح مسلمان بھی اس ملک کا حصہ ہیں اور انہیں بھی دیگر طبقات کی طرح پسماندگی کی بنیاد پر مساوی مواقع حاصل ہونے چاہیئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی’ سب کا ساتھ سب کا وکاس ‘ کی بات کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف ان کی حکومت کے کارندے ملک کی دوسری بڑی آبادی کو دستور کے مطابق فراہم کردہ مساوی مواقع سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ محمد محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ریاست میں سماج کے تمام طبقات کے ساتھ مساوی انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ کے دورہ حیدرآباد کے موقع پر کی گئی تقریر جھوٹ کا پلندہ ہے۔ محمد محمود علی نے کہا کہ امیت شاہ دراصل تلنگانہ حکومت کی کارکردگی سے واقف نہیں ہیں۔ بی جے پی قائدین کی جانب سے فراہم کردہ سیاسی رقابت پر مبنی اسکرپٹ پڑھتے ہوئے غلط بیانی سے کام لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاست کی ہر شعبہ میں ترقی کو یقینی بنایا ہے۔ امیت شاہ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار فرضی، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کو بدعنوان قرار دینے کی مذمت کی اور کہا کہ بدعنوانی ریاست میں ہورہی ہے یا مرکز میں اس کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ دھان کی خریدی سے متعلق امیت شاہ کا دعویٰ سفید جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ تیزی سے ترقی کررہی ہے اور امن و ضبط کی صورتحال قابو میں ہے۔ تلنگانہ سے فرقہ وارانہ فسادات کا خاتمہ ہوگیا۔ ر