مسلم خاندان کو روک کر جبراً ہولی کا رنگ ڈال دیا گیا

,

   

اترپردیش کے ضلع بجنور میں غنڈہ گردی اور شرپسندی، 4 ملزمین گرفتار

بجنور: اترپردیش کے بجنور ضلع کے دھام پور قصبے کی ایک ویڈیو کل سے وائرل ہو رہا ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برقع میں ملبوس ایک لڑکی اور ایک عمر رسیدہ خاتون موٹر سائیکل پر نوجوان کے پیچھے بیٹھی ہوئی ہیں۔ دریں اثنا ہولی کھیلنے والے کچھ نوجوان ان لوگوں کو راستے میں روک رہے ہیں اور زبردستی گیلے رنگ ان پر ڈال رہے ہیں۔ نوجوان کے چہرے پر پہلے رنگ زبردستی لگایا جاتا ہے۔ اس کے بعد لڑکی اور عمر رسیدہ خاتون پر گیلا رنگ پھینکا جاتا ہے۔ ایک نوجوان عمر رسیدہ خاتون کے گالوں پر بھی رنگ ڈال رہا ہے۔ خاندان کی مخالفت کے باوجود یہ زبردستی جاری رہتی ہے۔بجنور پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے 4 لوگوں کو گرفتار کیا ہے جن میں سے 3 نابالغ ہیں۔ بجنور پولیس نے اس کارروائی کی اتوار کو جانکاری دی ہے۔ہفتہ کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بجنور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نیرج جادون نے کہا تھا کہ بجنور پولیس نے آج صبح سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والہ ایک ویڈیو کا نوٹس لیا ہے۔ اس وائرل ویڈیو میں کچھ لوگ ایک بائک کو روک کر اس پر سوار لوگوں کو پریشان کر رہے ہیں اور زبردستی ان پر رنگ ڈال رہے ہیں۔ بجنور پولیس ان لوگوں کی شناخت کر رہی ہے۔ سی او دھام پور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ خاندان سے بات کریں، شکایت لیں اور مقدمہ درج کریں۔پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ دھام پور سروم سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ اس معاملے میں موٹر سائیکل پر سوار متاثرہ کے خاندان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ اس خاندان کا تعلق دھام پور تھانہ علاقے کے گاؤں جمال پور سے ہے۔ اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گزشتہ سال بھی دھام پور بحث میں آیا تھا۔پچھلے سال بھی دھام پور میں بھگت سنگھ چوک علاقے میں کچھ مسلم خواتین پر رنگین غبارے پھینکنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کو کئی سیاستدانوں نے بھی فیس بک پر شیئر کیا تھا۔ دھام پور ایک بار پھر خبروں میں ہے۔