مسلم پرسنل لاء میں مداخلت برداشت نہیں

   

یکساں سیول کوڈ کی شدت سے مخالفت ، میلاد کمیٹی کریم نگر کے ذمہ داروں کا بیان

کریم نگر /12 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مرکزی میلاد کمیٹی کریم نگر کے صدر سید معزالدین قادری حافظ یوسف و ذمہ داران نے یونیفارم سیول کوڈ کے خلاف ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوے کہا کہ ہمارا ملک مختلف مذاہب, مختلف زبان، مختلف رنگ و نسل اور ذات برادری کے باوجود تمام ہندوستانیوں کو ایک لڑی میں پروکر ملک کی تعمیر و ترقی کی ہے اسی لیے ساری دنیا میں ایک منفرد شان رکھتا ہے۔ اس ملک کے معماروں نے مختلف مذاہب، زبان ،تہذیب کے لوگوں کے حقوق دئے ہیں اس میں مداخلت کرتے ہوئے بدلاؤ لانے کی کوشش کرنا ملک کے حق میں نقصان دہ ہے۔ ہم شدت کے ساتھ UCCکی مخالفت کرتے ہیں۔ شریعت اور مسلم پرسنل لاء میں مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی اس کے لیے ہم ہر طرح کی قربانی دینے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ ہم سختی کے ساتھUCCکی مخالفت کرتے ہیں اور ہر خاص وعام سے گزارش کرتے ہیں کہ اس کے خلاف اپنا احتجاج درج کروائیں۔آزادی کے وقت ملک کے معمار اور نظریہ سازوں نے تمام ہندوستانیوں کو تیقن دیا تھا کہ ان کی تمام مذہبی ,سماجی, اور اپنی ثقافتی اقدار کی آئینی حفاظت کی جائے گی لیکن آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہم کس طرح کی صورت حال سے گزر رہے ہیں سب کے سامنے ہے جو نہایت ہی افسوسناک ہے اگر اس صورت حال کا ازالہ نہیں کیا گیا تو ملک کی اکثر اقلیت مایوس ہو جائے گی اور یہ ملک کے لیے ہر گز اچھی علامت نہیں۔