حیدرآباد16مئی(یواین آئی) مس ورلڈ مقابلہ کی شرکاء حسینائیں ہفتہ 18 مئی کو فلمی اسٹوڈیو کامپلکس راموجی فلم سٹی کا دورہ کریں گی۔ دورہ کا مقصد بین الاقوامی مہمانوں کو ہندوستانی فلم انڈسٹری کی عظمت ، تکنیکی ترقی اور ثقافتی تنوع سے روشناس کروانا ہے ۔راموجی فلم سٹی میں سینکڑوں ہندوستانی اور بین الاقوامی فلمیں، ٹی وی شوز اور کمرشیلس کی شوٹنگ ہو چکی ہے ۔ مس ورلڈ کی شرکاء فلم سٹی کے مختلف سیٹس، اسٹوڈیوس ، پوسٹ پروڈکشن یونٹس اور مشہور شوٹنگ لوکیشنس کا مشاہدہ کریں گی۔فلم سٹی انتظامیہ کی جانب سے ایک خصوصی پریزنٹیشن دی جائے گی، جس میں فلم سازی کے مراحل، سیٹ ڈیزائن، میک اپ، کاسٹیوم، اور اسپیشل ایفیکٹس سے متعلق تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ علاوہ مہمانوں کیلئے ثقافتی شو بھی ترتیب دیا گیا جس میں روایتی رقص و موسیقی شامل ہوگی۔ حکومت اور مس ورلڈ تنظیم کے اشتراک سے اس پروگرام کا مقصد ریاست کے فلمی و سیاحتی امکانات کو عالمی سطح پر فروغ دینا ہے ۔