مشرقی افغانستان میں پاکستانی فضائی حملے درجنوں افراد ہلاک

   

اسلام آباد ۔ 29 جون (ایجنسیز) پاکستانی فورسز نے سرحد کے پار افغان علاقہ میں زمینی اور فضائی کارروائیوں میں کم از کم 29 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ افغان طالبان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حملوں میں کم از کم 38 شہری مارے گئے ہیں۔ اتوار کو کیے گئے فضائی حملے افغانستان میں پاکستان کی جانب سے شدت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں پر کیے جانے والے دوسرے حملے تھے۔ ان حملوں سے دونوں سابق اتحادی ممالک کے درمیان وقفے وقفے سے جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان رواں سال فروری میں گزشتہ کئی برسوں کی شدید ترین جھڑپ ہوئی تھی۔ پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پیر کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ افغان صوبوں پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں تین مختلف اہداف پر کیے گئے فضائی حملوں میں 25 شدت پسند مارے گئے، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی صوبے خیبر پختونخوا کے سرحدی ضلع باجوڑ میں زمینی کارروائی کے دوران انتہا پسند ‘جماعت الاحرار‘ سے وابستہ مزید چار جنگجو بھی ہلاک کر دیے گئے۔