مشہورکھلاڑیوں کا بڑھاپا ، تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل

,

   

نئی دہلی ۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) سوشل میڈیا پر ہر دن نت نئی چیزیں دیکھنے کو ملتی رہتی ہیں اور اپنی خصوصیت و انفرادیت کے سبب کچھ پوسٹ صارفین میں بہت جلد مقبول ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح کی ایک پوسٹ آج سوشل میڈیا پر بہت زیادہ مقبولیت حاصل کر رہی ہے جس میں موجودہ دورکے مشہورومعروف کرکٹرزکو ان کے بڑھاپے میں دکھایا گیا ہے۔ فیس ایپ وائرل چیلنج سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہو رہا ہے اور فیس بْک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر صارفین ان کھلاڑیوں کی بدلی ہوئی اور 50 سے 60سال کی عمر کی تصاویر کو اپ لوڈ کر رہے ہیں۔شائقین نے نئے فلٹرز کے ساتھ اپنے پسندیدہ کرکٹرز کی تصاویر اپ لوڈ کی ہیں جسے شائقین کرکٹ میں بہت زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔جن کرکٹرز کی تصاویر اپ لوڈ کی گئی ہیں ان میں ہندوستان کے کپتان ویراٹ کوہلی، ان کے پاکستانی ہم منصب ویراٹ کوہلی، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن، اسٹوین اسمتھ سمیت ہندوستان اور پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی شامل ہیں۔
بین اسٹوکس کو
سر کے خطاب سے نوازا جائے گا

لندن ۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ فائنل میں شاندار اننگز کھیل کر انگلینڈ کو ورلڈ چمپیئن بنوانے میں اہم کردار اد کرنے والے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو انگلینڈ کے اعلیٰ ترین اعزازات میں سے نائٹ ہڈ سے نوازا جائے گا جس کے بعد بین اسٹوکس سر کہلائے جائیں گے۔لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل میں چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد اسٹوکس ناقابل شکست 84 رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ جوز بٹلر کے ہمراہ اہم شراکت قائم کی جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم کی میچ میں واپسی ہوئی۔انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان یہ فائنل ٹائی ہوا اور پھر سوپر اوور میں بھی میچ ٹائی ہونے پر انگلینڈ کو میچ میں زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر ورلڈ چمپین قرار دیا گیا۔ بین اسٹوکس کو ان کی شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا اور اب انہیں انگلینڈ کے اہم ترین اعزازات میں سے ایک نائٹ ہڈ سے نوازا جائے گا۔ تھریسامے کی جگہ انگلینڈ کے نئے وزیر اعظم بننے کی دوڑ میں شامل جانسن اور ہنٹ دونوں سے جب پوچھا گیا کہ کیا اسٹوکس کو نائٹ ہڈ دیا جائے گا تو انہوں نے اس کی تصدیق کی۔