مشہور ہونے کی ترکیب ، فوجی اور اس کا ساتھی جیل پہنچ گئے

   

تھرواننتا پورم : مشہور ہونے کی ترکیب نے ایک فوجی اور اس کے ساتھی کو جیل بھیج دیا۔ پولیس نے بتایا کہ منگل کے روز کیرالا میں ایک ہندوستانی فوجی کو اس کے دوست کے ساتھ مبینہ طور پر 6 افراد کی جانب سے حملہ کرنے اور اس کی پیٹھ پر “PFI’’ کے حروف پینٹ کرنے کے بارے میں جھوٹا بیان دینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ کولم ضلع کے کداکل گاوں میں پولیس نے فوجی کی شکایت کی بنیاد پر ایک مقدمہ درج کیا تھا اور معاملے کے حقائق کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات جاری تھیں۔فوجی شائن کمار نے دعویٰ کیا کہ اس کے گھر کے قریب جنگل میں چھ لوگوں کے ایک گروہ نے اس پر حملہ کیا۔ انہوں نے اس کے ہاتھ ٹیپ سے باندھے، اور اس کی پیٹھ پر سبز پینٹ سے “PFI’’ لکھا۔ضلع کے ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ اس معاملے میں فوجی شائن کمار اور اس کے دوست جوشی کے بیانات قلمبند کئے گئے ہیں۔ ان کے بیان متضاد تھے گہرائی میں جانے پر پتہ چلا کہ فوجی نے خود حملہ کا ڈرامہ رچا تھا انہوں نے یہ بھی کہا کہ فوجی کے دوست نے تفتیش پر بتایا کہ شائن کمار مشہور ہونا چاہتا تھا اور اس نے ہی مجھے حملہ کرنے کی ترغیب دی اور یہ سارا ڈرامہ انجام دیا۔