مصری گداگر خاتون کے گھر سے دس لاکھ پونڈ ملے

   

قاہرہ : مصرمیں ساری زندگی گداگری میں گزارنے والی خاتون کے مرنے کے بعد انکشاف ہوا کہ وہ لاکھ پتی تھی۔اہل علاقہ نے بوڑھی گداگر خاتون کو چندہ کرکے دفنایا۔ چند روز بعد اس کے گھرمیں موجود ڈبوں سے دس لاکھ مصری پونڈ برآمد ہوئے۔ العربیہ نیٹ کے مطابق مصر کے جنوبی علاقے کی قنا کمشنری کے ایک الوقف شہر میں بوڑھی خاتون خیریہ علی عبدالجلیل جو علاقے میں گداگری کرکے گزربسر کرتی تھی کے بارے میں اہل علاقے کومعلوم ہوا کہ وہ مر گئی۔ مرنے کی اطلاع ملنے پراس کے رشتہ داروں کو جمع کیا گیا جو خود بھی مفلوک الحال تھے جس پراہل علاقہ نے چندہ جمع کرکے اس کی تدفین کردی۔ اہل علاقہ اس وقت حیران رہ گئے جب گداگرخاتون کے مرنے کے تقریباً دس دن بعدگھر کو خالی کرکے اس کی صفائی کی گئی تو وہاں بے شمار پلاسٹک کے ڈبے ملے جن میں ہزاروں کی تعداد میں سکے اورچھوٹے بڑے نوٹ تھے۔ گھرسے برآمد ہونے والی رقم کو جب گنا گیا تو وہ دس لاکھ مصری پونڈ سے زیادہ تھی۔