مضافات میں سالگرہ پارٹی ، غیر اخلاقی حرکتوں سے مقامی افراد نے پارٹی کو ناکام بنادیا

   

حیدرآباد /28 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر کے مضافاتی علاقہ میں غیر اخلاقی حرکتوں کا سلسلہ جاری ہے ایک سالگرہ تقریب میں لڑکے اور لڑکیوں کو قابل اعتراض حالت میں دیکھ کر مقامی عوام نے پارٹی کو ناکام بنادیا اور پولیس کو اطلاع دیتے ہوئے طلبہ کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ منچال پولیس حدود میں واقع ایک فارم ہاوز پر لڑکے اور لڑکیاں جمع ہوئے اور سالگرہ پارٹی کے نام پر شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء کا استعمال کر رہے تھے ۔ فارم ہاوز میں شور شرابے کو دیکھ کر مقامی عوام حیرت کا شکار ہوگئے اور جب مقامی عوام فارم ہاوز پہونچے اور پولیس کو اطلاع دی فارم ہاوز میں واقع سوئمنگ پول میں لڑکے اور لڑکیاں ایک ساتھ تیراکی کر رہے تھے ۔ اس منظر کو دیکھ کر مقامی عوام نے شدید اعتراض کیا اور پولیس کے آنے تک انہیں جانے نہیں دیا ۔ جب پولیس فارم ہاوز پہونچی تو طلبہ کو حراست میں لے لیا اور معاملہ کی چھان بین شروع کردی ۔ پولیس کی آمد تک فارم ہاوز میں 12 لڑکے اور 4 لڑکیاں موجود تھے جو ایک ہی کالج کے طلبہ بتائے گئے ہیں جو ایک ساتھی کی سالگرہ تقریب کو منانے پہونچے تھے ۔ فارم ہاوز میں شراب کی بوتلیں حقہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کو پولیس نے برآمد کرلیا اور طلبہ سے وضاحت طلب کرتے ہوئے اس معاملہ پر تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ اس سلسلہ میں منچال انسپکٹر وینکٹیشم نے بتایا کہ اس معاملہ پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع