’معائنہ کاروں کو ایران کے نیوکلیئر تنصیبات میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘

   

l ویانا میں ایرانی مندوب رضا نجفی کی عالمی نیوکلیئر توانائی ایجنسی پر شدید تنقید l بورڈ آف گورنرس کے اجلاس میں واضح پیغام

ویانا۔ 20 نومبر (ایجنسیز) ایران نے ایک بار پھرعالمی نیوکلیئر توانائی ایجنسی پر تنقید کی ہے۔ ویانا میں ایرانی مندوب رضا نجفی نے ایجنسی کے معائنہ کاروں کو نیوکلیئر تنصیبات میں داخل ہونے کی اجازت دینے سے اپنے ملک کے انکار کی وجوہات کا جواز اس دعوے کے ساتھ پیش کیا کہ ایجنسی کی جمع کردہ معلومات کو نئے حملے کرنے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔رضا نجفی نے ایکس پر اپنے اکاؤنٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ایران نے آج بین الاقوامی نیوکلیئر توانائی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایک واضح پیغام دیا ہے جس کا مفہوم یہ ہے کہ آپ نیوکلیئر تنصیبات پر بمباری نہیں کر سکتے اور مزید حملے کرنے کی دھمکیاں جاری رکھتے ہوئے پھر درست معلومات اور معائنہ کاروں کیلئے غیر محدود رسائی کا مطالبہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایجنسی کی جمع کردہ معلومات معاہدوں کے دائرہ کار میں استعمال ہو سکتی ہیں لیکن یہ یقینی ہے کہ انہیں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے مزید حملے کرنے کیلئے بھی استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کوئی بھی بین الاقوامی ذمہ داری قومی سلامتی کی قیمت پر غیر مشروط تعاون کی ضمانت نہیں دیتی۔ مزید برآں ان کی رائے تھی کہ بورڈ آف گورنرز کو معاہدوں کے تابع ایرانی نیوکلیئر تنصیبات پر وسیع فوجی حملوں اور حملوں کے اعادے کی کھلی دھمکیوں سے نمٹنا چاہیے، بصورت دیگر وہ اپنی ساکھ کھو دے گا۔نیوکلیئر ایجنسی نے حال ہی میں ایک سے زائد مرتبہ اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وہ گزشتہ فروری میں جنگ چھڑنے کے بعد سے بمباری کا نشانہ بننے والی نیوکلیئر تنصیبات کا دورہ اور معائنہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے اور ان تنصیبات کی صورتحال کی واضح تصویر تشکیل دینے کیلئے معائنہ کاروں کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔دوسری جانب تہران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ ایجنسی نے واضح الفاظ میں اس کے خلاف جنگ کی مذمت نہیں کی۔ ایران نے ایجنسی کے اس موقف کو واضح جانبداری اور اپنے خلاف جنگ کی بالواسطہ تائید قرار دیا۔اس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ جنگ کے نتیجہ میں ہونے والا نقصان فی الوقت بین الاقوامی ایجنسی کے معائنہ کاروں کو ان تنصیبات میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔