امپھال : منی پور اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے معذور اور 80 سال سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان کے لیے پیر سے ووٹنگ کا عمل شروع ہوگا ۔ ریاستی اسمبلی کے لیے پہلے مرحلے کی ووٹنگ 28 فروری کو ہوگی۔ ایک افسر نے اتوار کو یہ اطلاع دی۔پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ کی سہولت لازمی خدمات میں فرائض انجام دینے والے افراد، 80 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے شروع کی جائے گی۔ ایسے لوگوں کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کی اجازت ہے ۔اس عمل کے تحت پولنگ افسران 80 سال سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان اور معذوررائے دہندگان کی مدد کے لیے ان کی رہائش گاہوں کا دورہ کریں گے ، تاکہ ان رائے دہندگان کو پولینگ کے دن پولنگ مراکز پر آنے کی ضرورت نہ پڑے ۔ وہ گھر بیٹھے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے پہلے ہی ووٹنگ کر سکیں گے ۔ واضح رہے کہ پوسٹل بیلٹ ان حلقوں میں انتہائی اہم ہوتے ہیں جہاں امیدوار معمولی فرق سے کامیابی حاصل کرتے ہیں۔