معیاری تعلیم اور بہتر زراعت کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

   


ڈگری کالج کی عمارت اور ریتو ویدیکا کا افتتاح کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد :۔ وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر نے کہا کہ تعلیم اور زرعی شعبہ کے معاملے میں حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی ۔ غریب طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ کسانوں کو فصلوں کے لیے سرمایہ کاری کرنے والی تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے ۔ اپنے اسمبلی حلقہ سرسلہ میں کے ٹی آر نے مختلف ترقیاتی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ گمبھی راؤ پیٹ منڈل ہیڈکوارٹر پر 2.25 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ ڈگری کالج عمارت کا کے ٹی آر نے افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ کے جی تا پی جی تک تعلیم ایک ہی احاطہ میں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے یلاریڈی پیٹ میں بھی ڈگری کالج قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ طلبہ کے لیے بہت جلد ہاسٹل کو دستیاب میں لانے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریب طلبہ کو بھی کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے 940 ریسڈنشیل اسکولس قائم کئے گئے ہیں ۔ جہاں پر معیاری تعلیم کے ساتھ قیام و طعام کی مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ گمبھی راؤ پیٹ منڈل ہیڈکوارٹر پر اپنے دادا ، دادی کے نام اپنے ذاتی مصارف سے تعمیر کردہ ریتو ویدیکا بھون کا افتتاح کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کسانوں کو سرمایہ کاری فراہم کرنے والی تلنگانہ ملک کی پہلی اور واحد ریاست ہے ۔ اس سے متاثر ہو کر بی جے پی کی مرکزی حکومت نے کسان نمن ندھی اسکیم کو متعارف کرایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کو معیاری برقی سربراہ اور کسانوں کے زندگیوں میں خوشحالی لانے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر دن رات کام کررہے ہیں ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل تلنگانہ کے کسانوں کو بورویلز پر انحصار کرنا پڑتا تھا ۔ برقی کے لیے نصف شب میں کھیتوں میں انتظار کرنا پڑتا تھا ۔ ان سب سے کسانوں کو کے سی آر نے چھٹکارہ دلایا ہے ۔ کسانوں کو منظم کرنے کے لیے ریتو ویدیکا تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ کسانوں کے تیار کردہ اناج کو خریدنے کے لیے مراکز قائم کئے گئے فصلوں کی ذخیرہ اندوزی کے لیے بڑے پیمانے پر گودام تعمیر کئے جارہے ہیں ۔۔