مغربی بنگال اسمبلی انتخابات :2926 امیدوار میدان میں

   

نئی دہلی؍کولکتہ، 14 اپریل (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے منگل کو مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق نام واپس لینے کی کی آخری تاریخ کے بعد ریاست میں کل 2,926 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ پہلے مرحلے میں 152 اسمبلی نشستوں پر 1,478 امیدوار اور دوسرے مرحلے میں 142 نشستوں پر 1,448 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 9 اپریل تھی، جبکہ 10 اپریل کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اور 13 اپریل کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی۔ انتخابی شیڈول کے تحت دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ 29 اپریل کو ہوگی۔ تمام انتخابی حلقوں میں ریٹرننگ آفیسرز امیدواروں کی حتمی فہرست سرکاری گزٹ میں شائع کریں گے ۔ کمیشن نے بتایا کہ تمام ریٹرننگ آفیسرز انتخابی دستاویزات کو محفوظ رکھنے کیلئے نامزدگی، جانچ اور نام واپس لینے سے متعلق ریکارڈ کو سیل بند پیکٹوں میں محفوظ رکھیں گے ۔ ووٹرز کی سہولت کیلئے ای سی آئی ایپ نیٹ پر ‘اپنے امیدوار کو جانیں’ کی سہولت فراہم کی گئی ہے ، جس کے ذریعے امیدواروں کی تعلیمی قابلیت، مجرمانہ پس منظر، اثاثہ جات اور واجبات کی معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔