مغربی بنگال میں پھر ای ڈی کی بڑی کارروائی

   

کولکاتا: مغربی بنگال میں چھاپے کے دوران ای ڈی افسران پر حملے کے بعد ای ڈی ایک بار پھر کارروائی میں ہے۔ عدالت سے تحفظ ملنے کے بعد ای ڈی کی ٹیم ایک بار پھر چھاپے مارنے پہنچی ہے۔ای ڈی نے مغربی بنگال فائر سرویس منسٹر سوجیت بوس کے گھر پر چھاپہ مارا ہے۔ ای ڈی نے میونسپل اداروں میں بھرتی گھوٹالہ کے معاملے میں کولکاتہ سمیت کئی مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے ہیں۔ سوجیت بوس کے علاوہ، ای ڈی ٹی ایم سی کے ترجمان اور ایم ایل اے تاپس رائے اور شمالی دم دم میونسپلٹی کے سابق صدر سبودھ چکرورتی سمیت ٹی ایم سی کے سینئر لیڈروں کے گھروں کی تلاشی لے رہی ہے۔ ای ڈی کا یہ چھاپہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ای ڈی اہلکاروں پر حملے کے بعد مرکزی اور ریاستی حکومتیں ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں۔ڈائریکٹر راہل نوین نے افسران کے ساتھ میٹنگ میں کہا کہ تفتیش کے دوران افسران کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ بے خوف ہو کر تحقیق کریں۔ ای ڈی نے افسران سے تحقیقات میں این آئی اے کی مدد لینے کو بھی کہا ہے۔ ای ڈی کی نظر شاہجہان شیخ کے بنگلہ دیش کنکشن پر ہے۔ خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی اہلکاروں کے ساتھ رہنے کو کہا گیا ہے۔ تاکہ اگر خواتین تفتیش میں کوئی رکاوٹ پیدا کرتی ہیں تو انہیں ایسا کرنے سے روکا جا سکے۔5 جنوری کو ای ڈی کی ٹیم ٹی ایم سی لیڈر شاہجہاں شیخ کے گھر پر چھاپہ مارنے سندیش کھلی پہنچی تھی۔

ریاستی وزیر کے گھر پر ای ڈی کا چھاپہ سیاسی انتقام :ترنمول
کولکاتا : سوجیت بوس کے گھر پر ای ڈی کے چھاپہ کو ’’سیاسی انتقام ‘‘کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے خواتین، بچوں اور سماجی بہبود کی ریاستی وزیر ششی پانجا نے کا دعویٰ کیا کہ مرکز کی طرف سے سیاسی انتقام لینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اور یہ مہم اسی کی عکاس ہے ۔ بنگال کے لوگ بھی جانتے ہیں کہ مرکز کی طرف سے سیاسی انتقام لینے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں۔دوسری طرف ریاستی اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری نے سوجیت کے گھر پر ای ڈی کے چھاپے پر حکمراں ترنمول کانگریس کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوجیت بھرتی میں بدعنوانی میں براہ راست ملوث ہے اور یہی وجہ ہے کہ جمعہ کی صبح یہ سرچ آپریشن کی جارہی ہے ۔شوبھندو ادھیکاری نے کہاکہ میونسپلٹی تقرری گھوٹالہ کی اطلاع مرکزی جانچ ایجنسی ای ڈی کو ملی تھی ۔سوجیت بوس کا براہ راست تعلق جنوبی دم دم میونسپلٹی کی تقرری بدعنوانی سے ہے ۔ میں یہ بات کئی بار کہہ چکا ہوں۔ سوجیت بوس کے دو قریبی رشتہ داروں کو کمرہاٹی میونسپلٹی میں نوکری ملی ہے ۔ 70 میونسپلٹیوں کے ترنمول لیڈر اس بدعنوانی سے جڑے ہوئے ہیں۔