کولکاتہ، 11 اکتوبر (یو این آئی) مغربی بنگال میں ضلع مغربی بَردوان کے صنعتی علاقے درگا پور میں گزشتہ رات اڈیشہ کی رہنے والی ایک دوسرے سال کی میڈیکل طالبہ کو کچھ نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغواکرلیا اور اُس کا جنسی استحصال کیا۔ ذرائع کے مطابق طالبہ اپنے ہم جماعت کے ساتھ تقریباً رات نو بجے کھانا کھانے کے لیے کیمپس سے باہر گئی تھی۔ اس دوران نامعلوم افراد کے ایک گروہ نے انہیں گھیر لیا اور ساتھی لڑکے کو چھوڑ کر طالبہ کو اغوا کر لیا۔ ملزمین اسے قریب کے جنگل میں لے گئے جہاں مبینہ طور پر اس کی اجتماعی عصمت ریزی کی گئی ۔ متاثرہ (23) کو اسی میڈیکل سینٹر میں داخل کیا گیا ہے ۔ اطلاع ملنے پر متاثرہ کے والدین اڈیشہ سے درگا پور پہنچے ۔ والدین نے الزام لگایا کہ انہیں اپنی بیٹی کے دوست پر بھی شک ہے ۔
جو اغوا کے وقت وہاں سے بھاگ گیا تھا۔ انہوں نے کہا، ”جب ہماری بیٹی کو اغوا کیا گیا تو اس کے دوست نے شور کیوں نہیں مچایا؟” پولیس کا کہنا ہے کہ شکایت موصول ہونے کے بعد معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور چند مشتبہ افراد سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے نیز سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے ۔