مفتی سلمان ازہری کو دوسرے مقدمہ میں بھی ضمانت

   

احمدآباد: گجرات کی کچھ ضلع عدالت نے نفرت انگیز تقریر کیس میں مفتی سلمان ازہری کو ضمانت دے دی۔ ضمانت ملنے کے بعد، مولانا ازہری کو راجکوٹ سنٹرل جیل لے جایا گیا جہاں سے ارویلی پولیس ان کے خلاف درج تیسرے ’نفرت انگیز تقریر‘ کے مقدمے میں اپنی تحویل میں لے گی۔ مبلغ اسلام مولانا ازہری کے خلاف گجرات میں درج دوسری ایف آئی آر جسے ضلع کچھ میں درج کیا گیا تھا میں مولانا کی ضمانت منظور ہوگئی۔ قبل ازیں 7 فروری کو جوناگڑھ کی عدالت نے مولانا کو ضمانت دے دی تھی۔ اطلاعات کے مطابق بھچاؤ میں جوڈیشل مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (جے ایم ایف سی) وائی شرما کی عدالت نے مولانا ازہری کی ضمانت منظور کرلی۔ پولیس نے ضمانت ملنے کے بعد مولانا ازہری کو راجکوٹ سنٹرل جیل منقل کردیا جہاں سے اب ارولی پولیس انہیں اپنی ریمانڈ میں لے گی کیونکہ گجرات کے موڈاسا پولیس اسٹیشن میں مولانا ازہری کے خلاف تیسری ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔