مفتی عبدالرزاق کا سانحہ ارتحال ملک و ملت سچے خادم سے محروم

   

صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و اے پی مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی کا اظہار تعزیت
حیدرآباد :۔ مفتی محمود زبیر قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و اے پی کی اطلاع کے بموجب امیر شریعت مدھیہ پردیش ، شاگرد رشید شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی ؒ و نائب صدر جمعیۃ علماء ہند حصرت مولانا مفتی عبدالرزاق خاں علیہ الرحمہ داغ مفارقت دے گئے ، حضرت ملک و ملت کی ان وفا کیش ہستیوں میں سے تھے جنہوں نے جنگ آزادی میں بھی حصہ لیا اور اپنی پوری زندگی ملک و ملت کی خدمات کے لیے وقف کردی ۔ صدر جمعیتہ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی نے حضرت کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو متعدد خوبیاں عطا فرمائی تھی اور ہمہ جہتی خدمات کے لیے منتخب کیا تھا ، وہ مدھیہ پردیش کے امیر شریعت بھی تھے اور صدر جمعیتہ علماء بھی اور ساتھ ہی ساتھ ایک مدت تک نائب صدر جمعیتہ علماء ہند کے طور پر بھی خدمات انجام دی ، مولانا مرحوم حضرت مدنی نور اللہ مرقدہ کے شاگرد رشید اور تربیت یافتہ تھے بلکہ حضرت مدنی سے فدائیت کا تعلق رکھتے تھے ۔ ملک و ملت کے لیے آپ کی جدوجہد کا آغاز آزادی کی جنگ میں ہی ہوگیا تھا ۔ آپ کی علمی ، ملی و جماعتی خدمات کی ایک طویل فہرست ہے ۔ جو آب زر سے لکھے جانے کے قابل ہے یقیناً حضرت کا انتقال ایک بہت بڑا ملی خسارہ ہے ، دعا ہے کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے ، جنت میں درجات عالیہ عطا فرمائے اور ان کے پسماندگان کی نگہبانی فرمائے آمین ثم آمین ۔ جماعتی رفقاء ، اراکین جمعیتہ اور ارباب مدارس سے مفتی صاحب مرحوم کے لیے دعا مغفرت اور زیادہ سے زیادہ ایصال ثواب کی درخواست کی ہے ۔۔