مفت آدھار اپ ڈیٹ کرانے مہلت میں مزید تین ماہ کی توسیع

   

حیدرآباد 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : ہندوستان کی منفرد شناختی اتھاریٹی (UIDAI) نے ایک اور اہم فیصلہ کرکے مفت آدھار اپ ڈیٹ کرانے کی آخری تاریخ میں مزید تین ماہ کی توسیع کرکے 14 جون کردی ہے ۔ واضح رہے کہ آدھار مفت اپ ڈیٹ کرانے کی آخری تاریخ 14 مارچ مقرر تھی ۔ آدھار کارڈ کو اپ ڈیٹ کرانے کی آخری تاریخ میں کئی مرتبہ توسیع کی گئی ۔ پہلے یہ مہلت 15 مارچ 2023 تھی اسے توسیع دے کر 14 دسمبر تک بڑھا دیا گیا تھا ۔ مزید توسیع دیتے ہوئے 14 مارچ 2024 تک مفت اپ ڈیٹ کا موقع فراہم کیا گیا تھا ۔ پھر ایک مرتبہ اس میں توسیع دی گئی ہے ۔ UIDAI نے بتایا کہ یہ فیصلہ آدھار اپ ڈیٹ کرانے والوں کے زبردست ردعمل کے پیش نظر کیا گیا ۔ جن لوگوں نے آدھار حاصل کر کے 10 سال مکمل کئے ہیں انہیں اپنی تفصیلات کو اپ ڈیٹ کرانا لازمی ہے ۔ اس کیلئے UIDAI کی ویب سائٹ کو لاگ ان کرنا ہوگا اور تازہ شناختی کارڈ اور پتے کی تفصیلات جمع کرانی ہوگی ۔ راشن کارڈ ، ووٹر شناختی کارڈ ، کسان فوٹو پاس بک و پاسپورٹ کو شناخت اور پتہ دونوں کیلئے تصدیقی دستاویزات کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ ٹی سی ۔ مارک شیٹ ، پیان / آئی ۔ پیان ، ڈرائیونگ لائسنس کو شناخت کے ثبوت کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ UIDAI نے کہا کہ برقی ، پانی ، گیس اور ٹیلی فون بلز ( جو تین ماہ سے زیادہ کے نہ ہو ) ثبوت کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ مفت خدمات صرف مائی آدھار پورٹل میں دستیاب ہیں۔۔ 2