پداپلی : ضلع کلکٹر پداپلی ڈاکٹر سنگیتا ستیہ نارائنا نے بروز چہارشنبہ 04 اگست کو ایک صحافتی بیان میں مطلع کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے سیلون (حجام) ، دھوبی اور لانڈری شاپ ( استری کے دکانوں ) کے لئے فراہم کی جانے والی 250 یونٹ مفت برقی سربراہی اسکیم کے لئے درخواستیں مطلوب ہیں۔ ضلع کے دھوبی اور حجام ذاتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اس موقع سے مکمل طور پر مستفید ہونے کی ضلع کلکٹر نے اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ
https:tsobmms.cgg.gov.in
ویب سائٹ پر آدھار کارڈ، ذات کا صداقت نامہ، پاسپورٹ سائز فوٹو ، دکان کی تصویر ، دکان کا لائسنس، لیبر لائسنس منسلک کرتے ہوئے امیدوار اپنی درخواست داخل کریں۔ اگر دکان کرایہ پر لی گئی ہوتو کرایہ سے متعلقہ معاہدہ نامہ درخواست کے ساتھ منسلک کریں۔ حجاموں اور دھوبیوں کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے یکم اپریل 2021 سے ہر ماہ 250 یونٹ مفت بجلی سربراہ کی جارہی ہے۔ آن لائن درخواست میں اگر کوئی غلطی ہوتو ٹی ایس اوبی ایم ایم ایس میں ایڈٹ (ترمیم) آپشن میں یو ایس سی نمبر، ڈسکم سلکشن ، بجلی کے بِل کی سکان کاپی، سیل فون نمبر کی تفصیلات درست کرسکتے ہیں۔