مقامی ادارہ جات کے انتخابات ، کے سی آر ٹکٹس کا فیصلہ کریں گے

   

خواہش مندوں کے نام تجویز کرنے اور تیقن نہ دینے کا مشورہ : چیف منسٹر کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔19اپریل(سیاست نیوز) ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں جن قائدین و کارکنوں کو ٹکٹ دیا جائے گا اس کے متعلق قطعی فیصلہ صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی و چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ کریں گے۔ چیف منسٹر نے آج ٹی آ رایس کے سرکردہ قائدین کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے سلسلہ میں جائزہ لیا اور پارٹی قائدین سے مشاورت کے دوران انہیں مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی کارکن یا قائد کو ٹکٹ کا وعدہ نہ کریں بلکہ وہ اضلاع میں منعقد ہونے والے ادارہ جات مقامی کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند وں کے نام تجویز کریں لیکن انہیں کسی قسم کا تیقن نہ دیں۔ سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی زیر قیادت منعقدہ اس غیر رسمی اجلاس کے دوران وزراء اور دیگر قائدین نے اپنے مشورے دئیے اور ریاست کے اضلاع کی صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست اضلاع میں ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے دوران مقامی مسائل کا اثر زیادہ ہونے کا امکان ہے اسی لئے مقامی قائدین کو ترجیح دینے کے علاوہ ان قائدین سے بھی مشاورت کی جائے جس پر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ وہ اپنے اضلاع اور مستقر کی مکمل معلومات حاصل کرتے ہوئے اپنے ناموں کی فہرست ان کے (چیف منسٹر) پاس روانہ کریں تاکہ قطعی فیصلہ کرنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔بتایاجاتا ہے کہ کانگریس کی جانب سے ضلع واری اساس پر قائدین کو امیدواروں کے انتخاب کا اختیار دیئے جانے کی سفارش کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لائی ہے کیونکہ ضلع واری اساس پر فیصلہ کے بعد پیدا ہونے والی ناراضگیوں سے تلنگانہ راشٹر سمیتی فائدہ حاصل کرسکتی ہے۔ ضلع پریشداور منڈل پریشد کے اراکین کے انتخاب کے سلسلہ میں منعقد ہونے والے ادارہ جات مقامی کے انتخابات کے امیدواروں کو بھی پارٹی سربراہ کی جانب سے قطریت دیئے جانے کے فیصلہ سے ٹی آر ایس کے ضلعی قائدین میں ناراضگی پیدا ہوسکتی ہے اور وزراء و دیگر سرکردہ قائدین جو اجلاس میں موجود تھے نے چیف منسٹر کو ان خدشات سے بھی واقف کروایا جس پر چیف منسٹر نے واضح کردیا کہ ٹی آر ایس عوامی مفادات اور تلنگانہ کے نظریہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پارٹی کو مستحکم کرنے کا فیصلہ کرے گی۔پارٹی قائدین کو چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ وہ تمام ضلع پریشد پر قبضہ کو یقینی بنانے کی حکمت عملی اور کوشش کے ساتھ میدان میں رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست کے عوام کو گلی سے دہلی تک تلنگانہ راشٹر سمیتی پر اعتماد پیدا ہوجائے۔