مقامی مسائل کو نظر انداز کر کے قومی مسائل پر توجہ دینا مضحکہ خیز

   

کسانوں ، بیروزگار ، گورنمنٹ ٹیچرس کے لیے پرگتی بھون کے دروازے بند ، شرمیلا
حیدرآباد ۔ 12 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا نے چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے تلنگانہ کے مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے قومی مسائل کو ترجیح دینے کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ شرمیلا نے کہا کہ تلنگانہ کے کسان اور بیروزگار نوجوان خود کشی کررہے ہیں ۔ سب سے پہلے ان کے مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ تلنگانہ میں کسانوں سے دھان و دوسری کاشت خریدی نہیں جارہی ہے ۔ کاشت پر اقل ترین قیمت بھی وصول نہیں ہورہی ہے ۔ کسانوں کے قرض پوری طرح معاف نہیں کئے گئے ۔ ریتو بندھو اتسو تقاریب کے دوران بنکوں کے سامنے کسان خود کشی کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر کو یہ دکھائی نہیں دے رہا ہے ۔ سود خوروں کی جانب سے کسانوں کا استحصال کیا جارہا ہے جس سے تنگ آکر کسان خود کشی کررہے ہیں ۔ روزگار نہ ملنے کی وجہ سے بیروزگار نوجوان خود کشی کررہے ہیں ۔ طلبہ کو حکومت کی جانب سے فیس ری ایمبرسمنٹ ادا نہیں کی جارہی ہے ۔ ریاست کے کئی اضلاع میں سرکاری ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں ۔ ان پر توجہ دینے کے بجائے قومی سیاست پر توجہ دینے کے لیے کبھی ٹاملناڈو تو کبھی کیرالا کے چیف منسٹرس سے ملاقات کررہے ہیں ۔ ایک دن کمیونسٹ جماعتوں کے قومی قائدین کو پرگتی بھون طلب کررہے ہیں تو دوسرے دن بہار کے اپوزیشن قائد کے لیے پرگتی بھون کے دروازے کھولے جارہے ہیں ۔ مگر ریاست کے کسانوں ، بیروزگار نوجوانوں ، گورنمنٹ ٹیچرس اور اپوزیشن کے علاوہ تلنگانہ تحریک کے مجاہدین کے لیے پرگتی بھون کے گیٹس بند کردئیے گئے ہیں ۔سربراہ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی شرمیلا نے کہا کہ ریاست پر قرض کے بوجھ میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مگر ترقیاتی کام برائے نام ہوگئے ہیں ۔ حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقہ خوش نہیں ہے ۔ چیف منسٹر کی جانب سے عوام کو ہتھیلی پر جنت دکھائی جارہی ہے ۔ 2018 میں تلنگانہ کے عام انتخابات کے دوران بیروزگاری بھتہ دینے کا اعلان کیا گیا جس پر آج تک عمل آوری نہیں ہوئی ۔۔ ن