ملائیشیا اور تھائی لینڈ میں سیلاب سے 12 افراد ہلاک

   

کوالالمپور (ملائیشیا): ملائیشیا اور پڑوسی ملک تھائی لینڈ میں شدید بارش کی وجہ سے آنے والے زبردست سیلاب میں کم از کم 12 لوگوں کی موت ہو گئی ہے ۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شمالی ملیشیا میں 1 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد کو ان کے گھروں سے نکالا گیا ہے ۔ جب کہ جنوبی تھائی لینڈ میں تقریباً 13 ہزار دیگر افراد بھی بے گھر ہو چکے ہیں۔ خدشہ ہے کہ تعداد بڑھ سکتی ہے ، کیونکہ شدید بارش اور طوفان کی وارننگ جاری ہے ۔پھنسے ہوئے رہائشیوں کو بچانے کے لئے ایمرجنسی سروس کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے اور پناہ فراہم کی جارہی ہے ۔ ہفتے کے شروع میں شروع ہونے والے سیلاب کی وجہ سے دونوں ممالک کے ہزاروں باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔سوشل میڈیا اور مقامی خبروں پر آنے والی ویڈیوز میں کاریں اور گھر ڈوبے ہوئے نظرآرہے ہیں۔