ملائیشیا کے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے جرات مندانہ موقف کی تحسین

   

غزہ : حماس نے برادر ملک ملائیشیا کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے سے متعلق ٹھوس اور جرات مندانہ موقف اپنانے کا خیر مقدم کیا ہے۔حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت اور پوری فلسطینی قوم ملائیشیا کے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے سے صاف انکار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ نے اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی ان خبروں کو من گھڑت اور جھوٹ قرار دیا تھا جن میں دعویٰ کیا تھا کہ ملائیشیا بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو رہا ہے۔ان خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے ملک کا ابراہیمی معاہدوں میں شامل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں اورنہ ہی ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل سے قبل اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی قدم اٹھائیں گے۔حماس نے سیف الدین عبداللہ کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا نے ہمیشہ فلسطینی قوم کے دیرینہ مطالبات اور تحریک آزادی کی حمایت کی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملائیشیا کی حکومت ، قوم پارلیمنٹ نے صہیونی ریاست کے خلاف اور ہرمحاذ پرفلسطینیوں کے حقوق کی آواز بلند کی ہے جس پر فلسطینی قوم ملائیشیا کی شکر گذار ہے۔