ملازمین کو مشکلات پر سی پی آئی خاموش نہیں رہے گی

   

ریاستی سکریٹری وینکٹ ریڈی اور عزیز پاشاہ کا بیان
حیدرآباد۔7 ۔ اکتوبر ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جائز مطالبات کے لئے ہڑتال کرنے پر 50,000 ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ غیر جمہوری ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حضور نگر ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ سیاسی فیصلہ ہے۔ اسے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے نہیں جوڑنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی آر ٹی سی ملازمین کی تائید کرتی ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہڑتالی ملازمین کو بات چیت کیلئے مدعوکرے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر آر ٹی سی کو بھاری نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے کسی بھی پیاکیج کے اعلان سے گریز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات کی پابجائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ ہٹ دھرمی کا رویہ ترک کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کے تحت مسئلہ کا حل تلاش کریں۔ پڑوسی ریاست میں آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرلیا گیا جس کے بعد ملازمین نے تلنگانہ حکومت سے توقعات وابستہ کی ہیں۔ سی پی آئی سکریٹری نے واضح کیا کہ ملازمین کے خلاف کارروائی پر ان کی پارٹی خاموش نہیں رہے گی۔ انہوں نے آر ٹی سی قائدین کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وینکٹ ریڈی نے آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں کے بقایہ جات فوری ادا کرنے کی مانگ کی ۔