ملالہ نے دادو کے ٹینٹ سٹی میں اسکول قائم کر دیا

   

اسلام آباد : پاکستان کا دورہ کرنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سیلاب کی تباہ کاریوں کا جائزہ لینے کے لیے سندھ کے شہر دادو پہنچیں، جہاں انہوں نے تحصیل جوہی میں قائم ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا۔ملالہ نے ٹینٹ سٹی میں خواتین اور بچیوں سے ملاقات کی اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات سے متعلق آگہی حاصل کی۔ اس دورے میں ملالہ کے ہمراہ صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ، وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو اور معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے بھی تھے۔صوبائی وزیر تعلیم نے ملالہ یوسف زئی کو سیلاب کینتیجے میں صوبے میں جنم لینے والی سنگین صورت حال اور خواتین اور بچیوں کی حالت زار پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے متاثرین کی آواز عالمی سطح تک مؤثر انداز میں پہنچ پائے گی۔ملالہ ٹینٹ سٹی میں مقیم نوجوان لڑکیوں اور بچیوں میں گھل مل گئیں۔ انہوں نے لڑکیوں سے ان کی تعلیم کی بابت دریافت کیا۔ بچیوں کے ساتھ بیٹھ کر ڈرائنگز بنوائیں، ان کی تمام گفتگو کا محور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی تھا۔