ملت، دردمند و سچے ہمدرد رہنما سے محروم

   

جناب ظہیر الدین علی خاں کے انتقال پر نرمل کے علماء کا خراج
نرمل ۔ 11 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حیدرآباد کی معروف ملی اور وضعدار شخصیت مینیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کی رحلت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے نرمل کے علماء کرام مولانا عبدالعلیم قاسمی امام و خطیب مسجد سلیم، مفتی کلیم الرحمن مظاہری امام و خطیب مسجد گلزار، مولانا مبین احمد قاسمی امام و خطیب جامع مسجد، مولانا امتیاز احمد مفتاحی امام و خطیب مسجد تاج نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ظہیر الدین علی خاں کی رحلت سے تلنگانہ کے مسلمانوں نے قوم و ملت کا ایک سچا ہمدرد کھو دیا ہے۔ ان کی وفات سے رفاعی، فلاحی اور سماجی شعبوں میں ایک عظیم خلا محسوس ہو رہا ہے۔ موصوف ملت کا درد رکھنے والے بے لوث خادم تھے۔ ہمیشہ قوم و ملت کی ترقی ان کے پیش نظر رہتی تھی۔ بھلائی کے کاموں میں وہ ہمیشہ آگے آگے رہتے تھے۔ روزنامہ سیاست کے ذریعہ ملت کی رہنمائی کو وہ اپنا فرض منصبی سمجھتے تھے۔ ان حضرات علمائے کرام نے مرحوم کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک مرحوم پر اپنا خصوصی کرم فرمائے اور اعلیٰ علیین میں جگہ نصیب فرمائے اور مصیبت کی اس گھڑی میں مرحوم کے افراد خاندان بالخصوص جناب زاہد علی خاں صاحب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔