ملتان اور پشاور کے درمیان پی ایس ایل کا فائنل

   

ابوظہبی : پاکستان سوپرلیگ کے فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرنے والی ٹیم کا فیصلہ ہوگیا۔ ایلیمنیٹر 2 میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلیہے۔ابوظہبی میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ اسلام آباد نے پشاورکو جیت کے لیے 175رنز کا ہدف دیا تھا۔ پشاور زلمی نے 175رنز کا ہدف 16.5 اوورس میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ زلمی کی جانب سے حضرت زازئی، جوناتھن ویلز اور شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے ان فارم بیسٹمین حضرت زازئی نے 44 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 4 چھکے اور6 چوکے لگائے۔جوناتھن ویلز اور شعیب ملک ناقابل شکست رہے، جنہوں نے بالترتیب 55 اور 32 رنز بنائے۔ جوناتھن ویلز نے 3 چھکے اور6 چوکے مارے جبکہ شعیب ملک کی اننگز میں ایک چھکا اور5 چوکے شامل تھے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور محمد وسیم نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔کولن منرو نے 29 گیندوں پر44 رنزکی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے ایک چھکا اور7 چوکے لگائے۔ حسن علی نے صرف 16گیندوں پر3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔واضح رہے کہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا فائنل میچ 24 جون کو کھیلا جائے گا۔