ملکاجگری بلدی حدود میں غیر قانونی و غیر مجاز تعمیرات کے خلاف کارروائی

   

بھاری جرمانہ اور عمارتوں کو منہدم کرنے کے اقدامات ، کمشنر کرشنا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔16اپریل (سیاست نیوز) ملکاجگری میونسپل کارپوریشن حدود میں کی گئی غیر قانونی و غیر مجاز تعمیرات پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ ان عمارتوں کے انہدام کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔ کمشنر ملکا جگری میونسپل کارپوریشن مسٹر ونئے کرشنا ریڈی نے ملکا جگری میونسپل کارپوریشن کے حدود میں موجود غیر قانونی عمارتوں کے مالکین کو انتباہ دیا اور کہا کہ جن عمارتوں کی تعمیر کے لئے اجازت نامہ حاصل کرتے ہوئے اجازت ناموں میں درج تفصیلات سے انحراف کیا گیا ہے ان عمارتوں کے مالکین پر بھاری جرمانہ عائد کرنے پر اکتفاء نہیں کیا جائے گا بلکہ ان عمارتوں کو منہدم کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کرتے ہوئے کاروائی کی جائے گی۔ انہو ںنے کارپوریشن کے حدود میں موجود اہم علاقہ جات بالخصوص تجارتی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے تجارتی اداروں کے پاس موجود لیبر لائسنس کی جانچ کے علاوہ تجارتی کامپلکس میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔کمشنر بلدیہ مسٹر ونئے کرشنا ریڈی کے دورہ کے دوران انہوں نے ایسی عمارتوں کی نشاندہی کی جنہیں G+3 کی اجازت دی گئی تھی لیکن ان عمارتوں پر اضافی 2 منزل تعمیر کی گئی ہیں۔ انہو ںنے ان عمارتوں کی نشاندہی کے بعد ہی یہ بات کہی کہ بلدیہ کو اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ ان عمارتوں کے خلاف کاروائی کرسکتی ہے اور ان کے انہدام کو بھی یقینی بناسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی غیر مجاز عمارتوں جو غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ہیں ان کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں نوٹس جاری کرنے کی مختلف زونس سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیںاور جلد ہی ملکاجگری میونسپل کارپوریشن سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کی جانب سے اس سلسلہ میں کاروائی کرتے ہوئے غیر قانونی و غیر مجازتعمیرات سے متعلق خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔3/m/b