ملکاجگیری حلقہ سے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیابی کا یقین

   

تلنگانہ کے مختلف اسکیمات ملک کے لیے مثالی ، راج شیکھر ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے ٹی آر ایس امیدوار راج شیکھر ریڈی نے 6 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہونے کے عزم کا اظہار کیا ۔ اقلیتی اقامتی اسکولس اور شادی مبارک اسکیمات کو ملک کی مثالی اسکیمات قرار دیا ۔ سیاست کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے راج شیکھر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات ٹی آر ایس پر اپنے بھر پور اطمینان کا اظہار کررہے ہیں ۔ لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے بشمول 16 پارلیمانی حلقوں میں ٹی آر ایس کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے جب کہ وہ کم از کم 6 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے اپنی کامیابی درج کریں گے ۔ ریاست اور ملک پر لمبے عرصے تک حکمرانی کرنے والی کانگریس تلگو دیشم اور بی جے پی نے کچھ نہیں کیا ہے ۔ صرف 5 سال میں چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کا نقشہ تبدیل کردیا ہے ۔ ٹی آر ایس اور عوام کی ضروریات سے چیف منسٹر بخوبی واقف ہے ۔ اقلیتوں کے بجٹ کو بڑھا کر 2004 کروڑ روپئے کردیا گیا ۔ تلنگانہ میں 204 اقلیتی اقامتی اسکولس قائم کرتے ہوئے غریب اقلیتی طلبہ کو مفت قیام و طعام کے ساتھ کارپوریٹ طرز کی تعلیم دی جارہی ہے ۔ یہ طلبہ بہت جلد مسابقتی امتحانات میں اپنے وجود کا احساس دلائیں گے ۔ تلنگانہ میں غریب مسلم لڑکیوں کی شادیوں کے لیے فی کس ایک لاکھ روپئے سے زیادہ امداد دیتے ہوئے چیف منسٹر غریب ماں باپ کو بڑی راحت فراہم کی ہے ۔ شادی مبارک اسکیم سے ہزاروں مسلم لڑکیوں کو فائدہ پہونچایا گیا ہے ۔ مساجد کے امام و موذنین کو ماہانہ مشاہرہ ادا کیا جارہا ہے ۔ ڈبل بیڈ روم مکانات سے بھی اقلیتوں کو بھی فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ راج شیکھر ریڈی نے کہا کہ انہیں عوام کی بھر پور تائید حاصل ہے ۔ وہ انتخابی مہم کے سلسلے میں جہاں بھی جارہے ہیں انہیں بھر پور تعاون حاصل ہورہا ہے ۔ عوام سے ملاقات کرنے کے بعد انہیں اندازہ ہورہا ہے کہ وہ کم از کم 6 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے ۔۔