ملکاجگیری ریلوے اسٹیشن کی اہمیت میں عنقریب اضافہ

   

ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلے کی تکمیل پر ہائی ٹیک سٹی ، فلک نما اور دیگر علاقوں تک راست سفری سہولیات
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ملکاجگیری کا ریلوے اسٹیشن کبھی خاموش ، عوامی ہجوم سے پاک اور چند ایک ریل گاڑیوں کے رکنے کا مقام تصور کیا جاتا تھا ۔ لیکن اب ملکاجگیری ریلوے اسٹیشن کی اہمیت میں چار چاند لگنے والے ہیں کیوں کہ اب ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ اس ریلوے اسٹیشن پر نہ صرف زیادہ ریلوں کی آمد و رفت ہوگی بلکہ یہاں کے عوام کو حیدرآباد سکندرآباد کے دیگر علاقوں تک رسائی کے لیے راست ٹرینوں کی سہولت کے علاوہ قاضی پیٹ جیسے دور دراز کے علاقوں تک بھی ٹرینیں دستیاب ہوجائیں گی ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے ( ایس سی آر ) کی جانب سے ملکاجگیری ریلوے اسٹیشن پر مہاراشٹرا کی سمت جانے والی ریل گاڑیوں کے لیے ٹہرنے کا مقام بنائے جانے کے بعد اس اسٹیشن کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے اور اب میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ اس اسٹیشن سے سکندرآباد ، حیدرآباد اور ہائی ٹیک سٹی تک کے دور دراز کے علاقوں کو راست حمل و نقل کی سہولت دستیاب ہوگی ۔ ملکاجگیری ریلوے اسٹیشن کو ترقی دینے کے لیے 5 کروڑ کا فنڈ دیا گیا تھا جس سے اسٹیشن ، بکنگ کاونٹر ، ویٹنگ ہال اور دیگر سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ ایم ایم ٹی ایس کے دوسرے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد کے اطراف 84 کلو میٹرس کا احاطہ کیا جائے گا جس میں ملکاجگیری ، بولارام اور میڑچل کے ساتھ سکندرآباد بولارام کے راستے کو مربوط کردیا جائے گا ۔ ایم ایم ٹی ایس کے اس دوسرے مرحلے کی تکمیل کے ساتھ ہی ملکاجگیری اور اس کے اطراف کے عوام کو ہائی ٹیک سٹی ، لنگم پلی ، پٹن چیرو ، فلک نما ، سکندرآباد کے دیگر علاقوں تک راست سواری مل جائے گی ۔۔