ملک بھر میں آج نیٹ یو جی کا امتحان ، تمام تیاریاں مکمل

   

طلبہ کو آدھا گھنٹہ قبل امتحانی مراکز پہونچ جانے کی ہدایت ، مراکز کے پاس دفعہ 163 نافذ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (NTA) کے زیر اہتمام میڈیکل کورسیس میں داخلوں کے لیے باوقار ’ نیٹ ‘ (NEETUG) امتحان اتوار 3 مئی کو ملک بھر میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ اس سال ریکارڈ سطح پر 22.79 لاکھ سے زائد طلبہ اس امتحان میں اپنی قسمت آزمائیں گے ۔ انتظامیہ اور پولیس نے امتحان کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ سائبر آباد کے پولیس کمشنر ڈاکٹر ایم رمیش نے ایک پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے اتوار کی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک تمام امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 163 نافذ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ امتحانی مراکز کے 200 میٹر کے دائرے میں 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی ۔ مراکز کے 100 میٹر کے دائرے میں تمام زیراکس اور انٹرنیٹ سنٹرس امتحان کے دوران بند رہیں گے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی نے ہفتہ کو ایک تازہ ایڈوائزری جاری کی ہے ۔ جس میں طلبہ کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی تاکید کی گئی ہے ۔ اتوار کو کئی مقامات پر بارش کی پیش قیاسی کے مد نظر طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ایڈسٹ کارڈ اور تصاویر کو گیلے ہونے بچانے کے لیے شفاف پاوچ (Transparent Pouch) کا استعمال کریں ۔ امتحان دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا ۔ تاہم امتحانی مراکز کے دروازے دوپہر 1-30 بجے قطعی طور پر بند کردئیے جائیں گے ۔ ٹریفک اور خراب موسم کے خطرات سے بچنے کے لیے طلبہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ وقت سے کم از کم آدھا گھنٹہ پہلے امتحانی مراکز پہونچ جائیں ۔ کسی بھی قسم کی دشواری یا معلومات کے لیے طلبہ فون نمبرات 011-407595000 ، 011-69227700 یا ای میل [email protected] پر ربط پیدا کرسکتے ہیں عہدیداروں نے طلبہ کو پرسکون رہنے اور صرف ضروری اشیاء کے ساتھ امتحانی مراکز کو پہونچنے کی ہدایت دی گئی تاکہ تلاشی کے عمل میں آسانی ہوسکے ۔۔ 2/m/b