ملک بھر میں گرمی کا قہر جاری‘ لو لگانے کی وجہہ سے مہارشٹرا کے بشمول بہار اوردیگر شمالی ریاستوں میں سینکڑوں لوگوں کی موت

,

   

پٹنہ-بہار میں پڑ رہی شدید ترین گرمی میں لو لگنے کی وجہ سے اورنگ آباد، گیا اور نواد اضلا ع میں اب تک 56 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔

سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ ان اضلاع میں گزشتہ روز درجہ حرارت 46 ڈگری سیلسش تک پہنچ گیا تھا۔ اس دوران لو لگنے سے اورنگ آباد کے مختلف بلاکوں کے 30، ضلع گیا میں 19 اور ضلع نوادہ میں سات افراد کی موت ہو چکی ہے ۔

مرنے والوں میں زیادہ تر 60 سال سے زائد عمر کے لوگ شامل ہیں۔اورنگ آباد کے سول سرجن ڈاکٹر سریندر کمار سنگھ نے بتایا کہ شدید گرمی کی وجہ سے ضلع میں لو کا قہر جاری رہا، جس میں الگ الگ بلاکوں کے 30 افراد کی موت ہو گئی ۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع کے مختلف بلاکوں سے لو متاثرین 80 مریضوں کو علاج کے لئے گزشتہ روز صدر اسپتال لایا گیا تھا۔

ان میں سے 30 کی موت ہو گئی جبکہ 10 کی حالت نازک تھی۔ لیکن بہتر علاج کے بعد ان میں سے چار کی حالت اب بہتر ہو گئی ہے ۔

تاہم ابھی بھی چھ مریضوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لو سے متاثر بہت سے افراد ایسے بھی تھے جن کی موت اسپتال پہنچنے سے قبل ہی ہو گئی جبکہ کئی افراد نے صدر اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔وہیں گیا کے ضلع افسر ابھیشیک سنگھ نے بتایا کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے ۔

نارائن مگدھ میڈیکل کالج و اسپتال میں داخل تمام مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے ۔

کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کے جسم میں بڑھے ہوئے درجہ حرارت کو کم کیا جاے ۔ انہوں نے بتایا کہ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم لگائی گئی ہے ۔

گیا ڈویژن کے افسر یہاں پر مسلسل کیمپ کر رہے ہیں۔

مسٹر سنگھ نے بتایا کہ اس آفت سے مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کو چار چار لاکھ روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے ۔ مگدھ میڈیکل کالج میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم جا رہا ہے ، جہاں سے اہل خانہ کو اطلاعات موصول ہو سکیں گی۔

انہوں نے ضلع کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ لو کے دوران گھر سے باہر نہ نکلیں۔ اگر بہت ضروری ہو تو احتیاط برتتے ہوئے ہی باہر جائیں۔ نوادہ کے سول سرجن ڈاکٹر سری ناتھ پرساد نے بتایا کہ لو لگنے سے نوادہ صدر اسپتال میں داخل مریضوں میں سے آج تک کل سات افراد کی موت ہو چکی ہے ۔

مرنے والوں میں سے زیادہ تر کی عمر 60 سال سے زیادہ ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ کل تک چھ لوگوں کی موت ہوئی تھی لیکن آج صبح ایک مریض کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر سات ہو گئی ہے ۔

لو سے متاثر دیگر مریضوں کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے ۔

ان کی حالت بہتر ہے ۔ وہیں نالندہ کے سول سرجن ڈاکٹر شیلیندر نارائن نے بتایا کہ ضلع کے صدر اسپتال میں لو لگنے سے داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد صفر ہے ۔

تاہم انہوں نے بتایا کہ دو مریض ایسے ہیں جنہیں شدید گرمی کی وجہ سے معمولی بخار ہے اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے ۔