کراچی ۔پاکستان کے سابق اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے موجودہ کپتان سرفراز احمد نے 2010 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پانچ سالہ پابندی کا سامنا کرنے والے کرکٹر سلمان بٹ کا نام لیے بغیر ان پر ملک بیچنے کا الزام لگایا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کو برسرخدمات رہتے ہوئے بیچنے والا فکسر جب نیت پر بھاشن دے گا پھر تو اللہ ہی حافظ ہے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد آج کل اپنے میدان میں برتاؤ کے سبب میڈیا اور سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں۔ ان کے ناقدین نے کہا ہے کہ میچوں کے دوران ان کے جارحانہ برتاؤ سے ان کے ساتھی کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھتا ہے۔اسی حوالے سے سلمان بٹ نے بھی ایک یوٹیوب چینل پر سرفراز احمد پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان جس طرح سے رد عمل دیتے ہیں، بات کرتے ہیں اس پر تنقید ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہیکہ وہ بات نہیں کرتے بلکہ چیختے ہیں، وہ مشورہ نہیں کررہے بلکہ اپنا فیصلہ مسلط کررہے ہیں۔ انہوں نے سرفرازکو مشورہ دیا تھا کہ وہ بحیثیت کھلاڑی اپنی خود کی کارکردگی پر توجہ دیں۔بہتر ہے کہ وہ اپنے اوپر توجہ دیں، اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔ وہ پاکستان ٹیم کے ساتھ پچھلے ڈیڑھ سال سے بحیثیت دوسرے وکٹ کیپر سفرکررہے ہیں انہیں اپنی کارکردگی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔واضح رہے سلمان بٹ پر2010 میں ساتھی کھلاڑیوں محمد آصف اور محمد عامر سمیت انگلینڈ کے دورے کے دوران اسپاٹ فکسنگ کا الزام لگا تھا اور الزام ثابت ہونے کے بعد انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پانچ سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔