ملک میں شدید گرمی کی لہر، درجہ حرارت اپریل میں ہی 45 ڈگری

,

   

نئی دہلی: ہندوستان کے بیشتر حصوں میں ہفتہ کو شدید گرمی کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے اتوار کے لیے وارننگ جاری کردی تھی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور مغربی بنگال میں دن کے وقت شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔ اس مہینے میں شدید گرمی کی دوسری لہر اوڈیشہ، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں جاری ہے۔ ہفتہ کو بعض مقامات پر اعظم ترین درجہ حرارت معمول سے سات سے آٹھ ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ اوڈیشہ کے باری پدا اور بودھ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اگر معمول کے درجہ حرارت سے 6.4 ڈگری سے زیادہ ہو جائے تو شدید ہیٹ ویو کا اعلان کیا جاتا ہے۔ جن علاقوں میں زیادہ گرمی والے دن دیکھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے وہ مدھیہ پردیش، گجرات، اوڈیشہ، آندھرا پردیش، مدھیہ مہاراشٹر، ودربھ، مراٹھواڑہ، بہار اور جھارکھنڈ ہیں۔ کچھ جگہوں پر ہیٹ ویو 20 دن سے زیادہ رہ سکتی ہے۔ شدید گرمی پاور گرڈ پر دباؤ ڈال سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں ہندوستان کے کچھ حصوں میں پانی کی قلت ہو سکتی ہے۔