ملک میں معاشی ایمرجنسی جیسی صورتحال : کانگریس

   

اندرون ملک معاشی سست روی کا سلسلہ جاری
نئی دہلی 18 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج معیشت کی سست روی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک معاشی ایمرجنسی جیسی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے ۔ کانگریس ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے بی جے پی حکومت پر اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے معاشی سست روی پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ صورتحال معاشی ایمرجنسی جیسی ہوگئی ہے ۔ انہوں نے آٹو موبائیل شعبہ میں سست سرگرمیوں کا حوالہ بھی دیا ۔ قبل ازیں مالیاتی مارکٹوں سے غیرملکی سرمایہ کاروں نے 8,319 کروڑ روپئے نکال لئے ہیں۔ ہندوستان میں غیرملکی سرمایہ کاری پر ٹیلکس (FPI) کی غیریقینی صورتحال اور عالمی تجارتی پریشانیوں کے سبب یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ غیرملکی سرمایہ کاروں نے یکم ؍ اگست سے 16 اگست کے درمیان 10,416.25 کروڑ کے حصص فروخت کردیئے مگر اس مدت میں غیرملکی سرمایہ کاروں نے 2,096.38 کروڑ کے قرضہ جاتی سکیورٹیز میں سرمایہ کاری بھی کی۔ ابھی تک ماہ اگست میں FPIs نے 10 تجارتی اجلاسوں میں سے 9 اجلاسوں میں خالص فروختگی انجام دی۔ مارننگ اسٹار کے تجزیہ نگار ہیمانشو سریواستو نے بتایا کہ مارکٹ کا رجحان منفی ہے۔ جولائی میں FPI نے ہندوستان کی سرمایہ مارکٹ سے 3 ہزار کروڑ روپئے نکال لئے ہے۔ FPI پر ٹیکس کی شرح کے زیادہ ہونے سے مارکٹ پر غیریقینی صورتحال ہے۔