ریونت ریڈی کا اعلان،ویملواڑہ میں پدیاترا اور جلسہ عام، کانگریس کو کمزور کرنے بی آر ایس اور بی جے پی متحد
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج سرسلہ ضلع کے ویملواڑہ اسمبلی حلقہ میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کا اہتمام کیا اور آبپاشی پراجکٹس کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے اراضی سے محروم متاثرین سے ملاقات کی۔ پدیاترا کے 21 ویں دن ریونت ریڈی نے ویملواڑہ اسمبلی حلقہ کے کئی منڈلوں کا احاطہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ صبح 8 بجے ویملواڑہ کی مشہور مندر میں خصوصی پوجا سے پدیاترا کا آغاز ہوا اور کلی کوٹا سورماں پراجکٹ کا معائنہ کیا اور مقامی افراد سے ملاقات کی۔ پدیاترا میں عوام کا غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ویملواڑہ کی ترقی سے متعلق جو وعدے کئے تھے انہیں فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندر کی ترقی کیلئے کے سی آر نے ایک بڑے پراجکٹ کا تیقن دیا تھا لیکن تلنگانہ کی تشکیل کے بعد وعدہ کو بھلادیا گیا۔ کانگریس دور حکومت میں علاقہ کی ترقی کیلئے جو اقدامات کئے گئے تھے وہی آج بھی برقرار ہیں۔ انہوں نے مقامی رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کو ٹورسٹ ایم ایل اے قرار دیا اور کہا کہ رکن اسمبلی کا زیادہ تر وقت جرمنی میں گذرتا ہے اور ہندوستان کی شہریت سے زیادہ انہیں جرمنی کی شہریت عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویملواڑہ میں عوامی ناراضگی سے بچنے کیلئے ہریش راؤ کے ذریعہ عجلت میں آبپاشی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ برقی کی سربراہی کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ کانگریس کی جانب سے بی آر ایس رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کے خلاف چارج شیٹ جاری کی گئی جس میں کئی بدعنوانیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ شام میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کے سی آر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے بس اسٹانڈ کے پاس آٹو ڈرائیورس سے ملاقات کی اور ان کے مسائل کی سماعت کی۔ ریونت ریڈی نے کچھ دور تک آٹو چلاتے ہوئے عوامی استقبال کا جواب دیا۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کو اقرباء پروری کیلئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کا مقصد عوام کی فلاح و بہبود اور ناانصافیوں کا خاتمہ تھا لیکن تلنگانہ کی تشکیل سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ ہوا ہے۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور قائدین بدعنوانیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال میں تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پدیاترا کا مقصد عوام کو بی جے پی اور بی آر ایس کی بے قاعدگیوں سے واقف کرانا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کو کمزورکرنے کیلئے بی آر ایس اور بی جے پی متحد ہوچکے ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ میں اندراماں راج کے احیاء کیلئے کانگریس کو اقتدار کا ایک موقع دینے کی اپیل کی۔ ریونت ریڈی نے عوام سے وعدہ کیا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر پکوان گیس سلینڈر صرف 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا۔ غریبوں کو 5 لاکھ روپئے تک کا علاج مفت ہوگا اور مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض کی معافی کا وعدہ کیا۔ جلسہ عام سے رکن اسمبلی سیتکا ، رکن کونسل جیون ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ ریونت ریڈی کل 6 مارچ کو چپہ ڈنڈی اسمبلی حلقہ میں پدیاترا کریں گے۔ 7 اور 8 مارچ کو ہولی کے سلسلہ میں توقف رہے گا اور9 مارچ کو کریم نگر ٹاؤن میں پدیاترا ہوگی۔ر