روزانہ 85 ملین افراد کا استفادہ ، مہاراشٹرا اور اترپردیش سرفہرست
حیدرآباد ۔24۔ اپریل (سیاست نیوز) ملک میں عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال سروے کے مطابق ملک میں روزانہ 85 ملین افراد پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت سے استفادہ کرتے ہیں۔ مہاراشٹرا اس معاملہ میں 12.5 ملین کے ساتھ سرفہرست ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹرا میں عوامی ٹرانسپورٹ سے استفادہ کا رجحان زیادہ ہے اور معاشی اعتبار سے بھی سرکاری سطح پر ٹرانسپورٹ سسٹم سستا ہے جس کے نتیجہ میں روزانہ 12.5 ملین افراد پبلک ٹرانسپورٹ سے استفادہ کرتے ہیں۔ مہاراشٹرا کے شہری اور دیہی علاقوں میں سرکاری ٹرانسپورٹ کے استعمال کے بارے میں عوام زیادہ باشعور پائے گئے ہیں۔ اترپردیش ، مغربی بنگال اور ٹاملناڈو میں بھی عوام کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ مذکورہ ریاستوں میں عوام کو سرکاری سطح پر ٹرانسپورٹ کی سہولتوں میں مزید اضافہ کی امید ہے۔ معاشی سرگرمیوں اور شہری علاقوں میں ایک مقام سے دوسرے مقام منتقلی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا اہم رول ہے۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ کے نتیجہ میں بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال میں اضافہ ہوا۔ شہری علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں پبلک ٹرانسپورٹ کا اہم رول رہا ہے۔ سروے کے مطابق آنے والے برسوں میں حکومتوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میں اضافہ کرنا ہوگا۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ اترپردیش میں روزانہ 8.2 ملین اور بہار میں 6.3 ملین افراد پبلک ٹرانسپورٹ سے استفادہ کرتے ہیں۔ تلنگانہ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے استفادہ کنندگان کی تعداد 2.9 اور آندھراپردیش میں 3.9 ملین درج کی گئی۔1/k/m/b