طارق انور کا الزام، بی آر ایس کا قیام بی جے پی کیلئے فائدہ مند، مجلس سے کوئی مفاہمت نہیں
حیدرآباد۔20۔ جنوری (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی اور سابق مرکزی وزیر طارق انور نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کو کمزور کرنے کیلئے شمال میں اروند کجریوال اور جنوب میں کے سی آر کو بی جے پی میں سرگرم کردیا ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے طارق انور نے کہا کہ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ بی جے پی نے ملک بھر میں اپوزیشن میں پھوٹ پیدا کرنے کی سازش تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے قومی سطح پر بی جے پی کی مخالفت کا جو دعویٰ کیا ہے ، وہ کھوکھلا ہے۔ کے سی آر دراصل بی جے پی کے اشارہ پر کام کر رہے ہیں تاکہ مخالف بی جے پی ووٹ تقسیم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے قیام کا مقصد بی جے پی کو فائدہ پہنچانا ہے۔ تلنگانہ میں اپنی حکومت بچانے کیلئے کے سی آر ملک بھر میں بی جے پی کی مدد کر رہے ہیں۔ طارق انور نے کہا کہ پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کے ہر فیصلہ کی بی آر ایس نے تائید کی تھی لیکن عوام کو گمراہ کرنے کیلئے بی جے پی کی مخالفت کا ڈھونگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بی جے پی سے مقابلہ کیلئے کانگریس کے بغیر اپوزیشن کے محاذ کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔ 2004 ء سے 2014 ء تک کانگریس نے متبادل محاذ تیار کیا تھا۔ طارق انور نے کہاکہ کانگریس کے بغیر تیسرے محاذ کی تیاری دراصل بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی بی جے پی کو شکست دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔ تلنگانہ میں مجلس سے انتخابی مفاہمت کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے طارق انور نے کہا کہ مجلس ملک بھر میں بی جے پی کی بی ٹیم کا رول ادا کر رہی ہے۔ بی جے پی کی ہدایت پر مختلف ریاستوں میں مقابلہ کرتے ہوئے سیکولر ووٹ تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ کانگریس کو کامیابی سے روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی اور مجلس دونوں بی جے پی کے اشارہ پر کانگریس کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں طارق انور نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی صورتحال پر ہائی کمان کی گہری نظر ہے اور ایک تجربہ کار سیاستداں مانک راؤ ٹھاکرے کو انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ طارق انور نے کہا کہ کانگریس میں جمہوریت ہے اور ہر کسی کو اظہار خیال کی آزادی ہے ۔ تلنگانہ میں اختلاف رائے ہوسکتا ہے لیکن پارٹی پوری طرح متحد ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی۔ پریس کانفرنس میں ریونت ریڈی ، محمد علی شبیر ، وی ہنمنت راؤ اور ندیم جاوید موجود تھے۔ر