ملک کو مولانا آزاد جیسی شخصیتوں کی ضرورت

,

   

نفرت کے ماحول کے خلاف جنگ وقت کا تقاضہ ، نجیب کی والدہ کا بیان

حیدرآباد /18 جنوری ( سیاست نیوز ) جے این یو اسٹوڈنٹ نجیب کی گمشدگی اور ان کی تلاش میں ناکام پولیس اور حکومت کے خلاف احتجاج کو جاری رکھتے ہوئے ان کی والدہ فاطمہ نفیس نے حیدرآباد میں سنٹرل یونیورسٹی حیدرآباد کے طالب علم روہیت ویملا کی یاد میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اس کے علاوہ انہوں نے مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کو مولانا آزاد جیسی شخصیتوں کی ضرورت ہے ۔ یونیورسٹیوں میں مولانا آزاد جیسی شخصیتیں ہوں تو طلباء کا مستقبل روشن اور اخلاق شاندار ہوتے ہیں ۔ نفرت کے اس ماحول کو ختم کرنے کیلئے جنگ وقت کا تقاضہ بن گئی ہے ۔ نجیب کی والدہ کی اپنے بیٹے کے حق میں حصول انصاف کی جدوجہد کی ستائش کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی حکومت کے خلاف طلباء برادری متحد ہوگی ۔ نفیس فاطمہ جیسی والدہ ہر ایک کو نصیب ہوں تو ہزاروں نجیب پیدا ہوں گے ۔ نجیب کی والدہ کا حوصلہ کمزور طبقہ سے تعلق رکھنے والے تمام طلباء میں جذبہ پیدا کرنے کا موجب ہے ۔