ملک کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کا امکان

   

نئی دہلی: ملک کے مشرقی اور جنوبی حصوں میں آئندہ پانچ دنوں تک شدید گرمی کی لہر کا امکان ہے ۔ہندوستانی محکمہ موسمیات ( آئی ایم ڈی ) نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔آئی ایم ڈی نے مغربی بنگال، اڈیشہ اور سب ہمالیائی مغربی بنگال کے الگ تھلگ علاقوں میں اگلے پانچ دنوں تک شدید گرمی کی لہر جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ آئندہ پانچ دنوں کے دوران بہار، جھارکھنڈ، تلنگانہ، رائلسیما، اندرونی کرناٹک، تمل ناڈو اور مشرقی اترپردیش میں 26 سے 28 اپریل کے دوران زیادہ الگ تھلگ مقامات، 27 سے 29 اپریل کے دوران کونکن، مغربی اترپردیش، ساحلی آندھرا پردیش اور یانم میں 28 سے 30 اپریل کے دوران گرمی کی شدید لہر جاری رہنے کے امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات نے مغربی ہمالیہ کے علاقے ، شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں اور اس سے ملحقہ وسطی ہندوستان میں 28 اپریل تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی بھی پیش گوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جموں، کشمیر، لداخ، گلگت، بلتستان، مظفرآباد میں 26 سے 28 اپریل اور ہماچل پردیش میں 28 اور 29 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک اور برفباری کے امکانات ہیں۔ اتراکھنڈ میں ژالہ باری کے امکانات ہیں۔