ملک گیر ہڑتال کے دوسرے روز بینکنگ ، ٹرانسپورٹ متاثر

,

   

نئی دہلی : مختلف سنٹرل ٹریڈ یونینوں کی جانب سے ملک گیر ہڑتال کے آج دوسرے روز مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بطور احتجاج بینکوں اور ٹرانسپورٹ کی سرویسس چند ریاستوں میں جزوی طور پر متاثر ہوئیں۔ دو روزہ ہڑتال کی اپیل سنٹرل ٹریڈ یونینس جوائنٹ فورم نے کی تھی۔ فورم نے آج دعویٰ کیاکہ ہڑتال کا اچھا اثر دیکھنے میں آیا۔ بینک ملازمین کی مختلف یونینوں نے بھی ہڑتال میں حصہ لیا۔ بینک یونینوں نے حکومت کے اِس اقدام کے خلاف احتجاج درج کرایا کہ پبلک سیکٹر کے دو بینکوں کو خانگیایا جائے گا جس کا اعلان بجٹ 2021-22 ء میں کیا گیا۔ ملازمین نے ڈپازٹس پر شرح سود میں اضافہ اور سرویس چارجس میں کٹوتی کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ رپورٹس کے مطابق کیرالا، مغربی بنگال اور ٹاملناڈو میں عام زندگی جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ ایک بیان میں جوائنٹ فورم نے منظم اور غیر منظم شعبہ نیز سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ورکرس کی ستائش کی جنھوں نے سرگرمی سے دو روزہ ہڑتال میں حصہ لیا۔ آئی این ٹی یو سی ، اے آئی ٹی یو سی کے بشمول 10 سنٹرل ٹریڈ یونینیں جوائنٹ فورم کا حصہ ہیں ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوان راجیہ سبھا اور لوک سبھا میں اپوزیشن نے ہڑتال کی تائید میں بات کی۔