ممبئی ایم این ایس لیڈر اویناش حراست میں

   

ممبئی 8 جولائی (یو این آئی) مہاراشٹر میں پولیس نے مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے لیڈر اور تھانے – پالگھر کے ضلع صدر اویناش جادھو کو زبان کے تنازعہ پر مقررہ احتجاجی ریلی سے کچھ گھنٹے پہلے آج صبح 3 بجے حراست میں لے لیا۔ قابل ذکر ہے کہ ایم این ایس کے کارکنوں نے مراٹھی میں بات کرنے سے انکار کرنے پر ایک تاجر پر مبینہ طور پر حملہ کیا تھا۔ اس واقعہ کے پیش نظر تھانے کے میرا بھائندر میں مراٹھی نہ بولنے والے لوگوں کی طرف سے احتجاجی مارچ نکالا گیا۔ اس کے جواب میں ایم این ایس نے آج ایک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ ایم این ایس لیڈروں نے پولیس کو ریلی نکالنے کی اجازت نہ دینے پر سخت اعتراض کیا ہے ۔ پولیس نے مسٹر جادھو کے خلاف نوٹس جاری کیا، لیکن وہ ریلی نکالنے پر اڑے رہے اور انہیں ریلی کی قیادت کرنے سے پہلے ہی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس مسٹر جادھو کو کشمیرا تھانے لے گئی ہے ۔ ایم این ایس کی ریلی آج صبح 10 بجے بالاجی ہوٹل سے شروع ہوکر میرا روڈ پر ختم ہونی تھی۔
مسٹر جادھو نے حراست سے قبل پولیس پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مراٹھی ہماری مادری زبان ہے اور ہم اس کے لیے کسی بھی نتائج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہم کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے ۔ ریلی اپنے طے شدہ منصوبے کے مطابق منعقد کی جائے گی۔