ممبئی ، 14 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کوسٹ گارڈ (آئی سی جی) نے یوم آزادی سے قبل ممبئی کیلئے ہائی الرٹ جاری کیا ہے اور سٹی پولیس سے اپنے مشرقی اور مغربی ساحلوں کو روشن رکھنے کی اپیل کی ہے تاکہ کوئی بھی مشتبہ نقل و حرکت کو فوری روکا جاسکے۔ آئی سی جی کے ریجنل کمانڈر (ویسٹ) نے سمندر سے ممکنہ دہشت گرد حملہ کے تعلق سے ’’سنجیدہ نوعیت کی خفیہ اطلاعات‘‘ وصول ہونے پر ممبئی پولیس کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے کوسٹل سکیورٹی میں اضافہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ کوسٹ گارڈ کے ذرائع نے کہا کہ میٹرو سٹی کے مشرقی اور مغربی ساحلوں کے اطراف سکیورٹی بالعموم یوم آزادی سے قبل بڑھا دی جاتی ہے۔ ایک عہدہ دار نے کہا کہ ملک میں جاری کشیدہ حالات کو دیکھتے ہوئے حملہ کے خطرہ کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ آئی سی جی کے الرٹ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر آف پولیس، پورٹ زون رشمی کرانڈیکر نے ساحلی حدود والے پولیس اسٹیشنوں کو نائٹ پٹرولنگ پر مسلح پولیس ملازمین رکھنے اور حساس مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس سے یہ بھی کہا گیا کہ ممبئی میں لینڈنگ کے 70 مقامات پر اچھی روشنی کا انتظام کیا جائے تاکہ مشتبہ یا نامعلوم کشتیوں اور جہازوں کو دیکھنے میں مدد ملے۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ گاڑیوں کی چیکنگ کو یقینی بنائیں اور بعض مقامات جیسے کچرے کے ڈبوں وغیرہ کی وقفے وقفے سے چیکنگ کرتے رہیں تاکہ مشتبہ دہشت گرد عناصر کوئی بھی تخریبی حرکت کرنے میں کامیاب نہ ہونے پائیں۔ دریں اثناء ساحلی مقامات پر طلایہ گردی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ دکانات اور مذہبی مقامات پر بھی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
یو اے پی اے قانون لاگو ہوگیا
نئی دہلی ، 14 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نیا قانون انسداد دہشت گردی جس کے تحت افراد کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے اُن کی جائیدادیں ضبط کی جاسکتی ہیں، اب نافذ العمل ہوچکا ہے، وزارت داخلہ نے چہارشنبہ کو یہ اعلان کیا۔ صدر رام ناتھ کووند نے اس قانون سازی کو 8 اگست کو منظوری دی تھی جبکہ اسے لوک سبھا نے 24 جولائی اور راجیہ سبھا نے 2 اگست کو منظور کیا تھا۔