ممبئی میں شراب کی دکانات سمیت غیر ضروری اشیاء کی دکانات بند

,

   

ممبئی (مہاراشٹرا): ممبئی میں 4مئی کو شر اب کی دکانات کو کھولنے کی اجازت کے ساتھ ہی شراب کی دکانات پر سینکڑوں کا مجمع امڈ پڑا اور لاء اینڈ آر ڈر کی نوبت آگئی جس کے پیش نظر میونسپل کارپوریشن کو شراب کی دکانات بند کرنا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی دیگر دی گئی نرمی کو بھی برخواست کردیا گیا۔ 4 مئی کو بی ایم سی کی جانب سے بعض غیر ضروری اشیاء کی دکانات کھولنے کی اجازت دی گئی تھی جس میں شراب کی دکانا ت بھی شامل تھیں۔ لیکن شراب کی دکانات پر بے پناہ ہجوم کے باعث ممبئی کی بلدیہ نے غیرضروری اشیاء کی دکانات بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ کارپوریشن چیف پراوین پردیشی نے منگل کو ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے حکام کی ہدایت دی کہ عوام کو دی گئی نرمی کو برخواست کردیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ صرف ضروری اشیاء کی دکانات کھلی رہیں گی۔ پراوین پردیش نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ شراب کی دکانات کے باہر ہجوم دیکھا جارہا ہے اور سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھا جارہا ہے۔ جس کی وجہ سے لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہورہا تھا۔ پولیس اور محکمہ بلدیہ کی جانب سے کئی شکایات موصول ہونے کے بعد ہم نے غیر ضروری اشیاء کی دکانات بند کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ممبئی ریڈ زون علاقہ میں ہے اور کوویڈ19 کے کیسیس میں اضافہ ہورہا ہے۔ عوام سماجی فاصلہ کو برقرار نہ رکھتے ہوئے ہجوم کی شکل اختیا ر کررہی ہے جس سے کورونا کے کیسس میں اضافہ ہونے اور لاک ڈاؤن کا اصل مقصد فوت ہونے کا خدشہ ہے۔ بلدی عہدیداروں کے مطابق اب صرف اشیاء خورد و نوش کی دکانات اور میڈیکل شاپس ہی کھلے رہیں گے۔