ممبئی، یکم جولائی ( یواین آئی) ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں مانسون نے ایک بار پھر پوری شدت کے ساتھ دستک دی، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے متعدد علاقوں میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسلسل اور موسلادھار بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ مضافاتی ریلوے خدمات بھی جزوی طور پر متاثر رہیں۔ شدید بارش کے نتیجے میں پوائی جھیل اپنی مکمل گنجائش تک پہنچنے کے بعد چہارشنبہ کی صبح لبریز ہو کر بہنے لگی، جسے اس سال کے مانسون کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔ بارش سے متعلق دو علحدہ حادثات میں دو افراد کی جان چلی گئی ۔ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے مطابق چہارشنبہ کی صبح 8 بجے ختم ہونے والے 24 گھنٹوں کے دوران مشرقی مضافاتی علاقوں میں اوسطاً 109 ملی میٹر، مغربی مضافاتی علاقوں میں 87 ملی میٹر جبکہ جنوبی ممبئی (جزیرئہ شہر) میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہر بھر میں نصب خودکار بارش ناپنے والے آلات کے مطابق اس عرصے میں سب سے زیادہ بارش مشرقی مضافاتی علاقے مانخورد میں 170.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ بائیکلہ میں 162.52 ملی میٹر، ممبئی سینٹرل میں 142.43 ملی میٹر، وڈالا میں 127 ملی میٹر، باندرا کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں 132.4 ملی میٹر، بوریولی میں 126 ملی میٹر اور دندوشی فائر اسٹیشن پر 123 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ چہارشنبہ کی صبح 7 بجے سے 8 بجے کے درمیان بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اس ایک گھنٹے کے دوران اندھیری ویسٹ میں 39 ملی میٹر، اندھیری ایسٹ میں 34 ملی میٹر اور باندرہ ویسٹ میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شدید بارش کے باعث اندھیری سب وے سمیت متعدد نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا، جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہری انتظامیہ کو کئی مقامات پر ٹریفک کا رخ موڑنا پڑا۔ اگرچہ بیسٹ کی بس خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں، تاہم وسطی اور مغربی ریلوے کی مضافاتی ٹرینیں مختلف مقامات پر تاخیر سے چلتی رہیں۔